
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش آج روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے ۔
بابائے قوم کے یوم ولادت پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے، سرکاری اور غیرسرکاری ادارے خصوصی تقریبات کا انعقاد کریں گے۔
قائداعظم کے یوم پیدائش پر کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد ہوں گی۔اس موقع پر دن کا آغاز وفاق اور صوبائی دارالحکومت میں توپوں کی سلامی سے ہوگا۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب مزار قائد پر منعقد ہوگی اور پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کا چاق چوبند دستہ مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھالے گا۔
اس وقت پاک فضائیہ کے جوان مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری ،وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ، صوبائی کابینہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب ، سمیت دیگر اعلی سول فوجی حکام اور اہم شخصیات مزار قائد پر حاضری دیں گی اور فاتحہ خوانی کریں گی۔
یہ شخصیات قائد اعظم کی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کریں گی۔
دوسری جانب پاک فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس نے بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق افواج قائداعظم کے وژن اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، بانی پاکستان کی انتھک جدوجہد نے ہمارے عوام کو متحد کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی ، قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کیلئے غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کرتے ہیں ۔
Leave a Reply