
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ غزہ کے النصر اسپتال پر اسرائیلی حملے سے خوش نہیں۔
اوول آفس میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ یہ سب کچھ نہیں دیکھنا چاہتے اور ہمیں اس بھیانک خواب کو ختم کرنا ہوگا۔
امریکی صدر نے غزہ جنگ آئندہ چند ہفتوں میں ختم ہونےکی پیشگوئی کردی ، انہوں نے کہا کہ اگلے 2 سے 3 ہفتوں کے اندر آپ کو کافی اچھا اور فیصلہ کن انجام نظر آئے گا۔
صدر ٹرمپ نے جنگیں رُکوانے کا ذکر کرتے ہوئےکہاکہ ہم نے 7 جنگیں رُکوائیں، محصولات کے نفاذ سے جنگیں رُکوائی جا سکتی ہیں اور ہم نے محصولات اور تجارتی معاہدوں سے ہی یہ کام کیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین جنگ بھی ختم کروانا چاہتا ہوں، ہم اب یوکرین پر کوئی پیسہ خرچ نہیں کریں گے۔
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج کے حملوں اور فائرنگ کے نتیجے میں غزہ میں ایک ہی دن میں 6 صحافیوں نے جام شہادت نوش کیا۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے پیر کے روز النصر اسپتال کو نشانہ بنایا اور اس حملے میں ڈیوٹی پر موجود 5 صحافیوں سمیت 20 افراد کی شہادت ہوئی۔
اسپتال پر حملے کے بعد خان یونس میں اسرائیلی افواج کی فائرنگ سے فلسطینی صحافی اور ماہرِ تعلیم حسن دوہان بھی شہید ہو گئے۔
Leave a Reply