مقبوضہ فلسطین کے علاقے غزہ میں امداد کے منتظر لوگوں اور پناہ گزین کیمپوں پر اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں۔
قابض فوج نے صبح سے اب تک مزید 36 فلسطینیوں کو شہید کردیا، اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والوں میں امداد کے منتظر 13 افراد بھی شامل تھے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کے مسلسل حملوں کے باعث ایک روز میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 98 ہوگئی جبکہ ایک ہزار سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔
فلسطینی وزارت صحت نے بتایاکہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے اسرائیلی فوج کے حملوں میں اب تک 60 ہزار 430 فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ48 ہزار 722 افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
عرب میڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایاکہ غزہ میں بھوک کی شدت سے ایک بچے سمیت مزید 7 فلسطینی انتقال کر گئے جس کے بعد غزہ میں غذائی قلت سے شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 169 تک پہنچ گئی۔
اُدھر جنگی جنون میں مبتلا اسرائیل نے یرغمالیوں کی رہائی تک جنگ نہ روکنے کا اعلان کردیا۔
دوسری جانب فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے بھی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک ہتھیار ڈالنے سے انکار کر دیا۔ حماس نے واضح پیغام دیاکہ دارالحکومت بیت المقدس کے ساتھ خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام تک ہماری مزاحمت روکنا ناممکن ہے۔






















Leave a Reply