صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے عرفان صدیقی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی کی جمہوریت کے لیے بے پناہ خدمات ہیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
صدر مملکت نے عرفان صدیقی کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی اور ان کے خاندان سے اظہار ہمدردی کیا۔
وزیراعظم نے بیان میں کہا کہ پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہوگیا، عرفان صدیقی نے علم، برداشت، سنجیدگی اور دلیل کو ہمیشہ اپنی تحریر اور شخصیت کا محور بنایا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی مسلم لیگ ن کے ایک اہم رکن اور ہمارے قریبی ساتھی تھے، نواز شریف اور جماعت کے وفادار ساتھیوں میں عرفان صدیقی کا شمار ہوتا تھا، عرفان صدیقی کی جماعت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
عرفان صدیقی کی علمی خدمات اور قومی بصیرت آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی، عرفان صدیقی شفیق، منکسرالمزاج اور بے حد نفیس انسان تھے۔ عرفان صدیقی نے ہر موقع پر مثبت سوچ اور علمی دیانت کی بنیاد پر رہنمائی کی۔
وزیراعظم نے عرفان صدیقی کے انتقال کو علمی دنیا اور معاشرے کے لیے بڑا نقصان قرار دیا۔
ادھر وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی عرفان صدیقی کی صحافتی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ عرفان صدیقی کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستانی سیاست ایک شاندار اور باوقار سیاستدان سے محروم ہو گئی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہاکہ عرفان صدیقی اصول پسند،تہذیب کی علامت اور باوقار شخصیت تھے۔






















Leave a Reply