ضمانت کا مطلب بریت نہیں، جھوٹی خوشی مناکر قوم کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا: عطا تارڑ


ضمانت کا مطلب بریت نہیں، جھوٹی خوشی مناکر قوم کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا: عطا تارڑ

فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات  عطا تارڑ کا  کہنا ہےکہ ضمانت کا مطلب بریت نہیں، ٹرائل چل رہا ہے، کیس کو منطقی انجام تک پہنچنا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ 9 مئی پوری قوم نے دیکھا ہے، اس کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی تھے، بانی پی ٹی آئی نے سازش کی تاکہ ملک کے دشمن حالات کا فائدہ اٹھائیں، پی ٹی آئی کے پاس 9 مئی کے واقعات کا دفاع نہیں  ہے۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ  پی ٹی آئی والے ضمانت پر خوشیاں مناکر خود کو  بے وقوف بنارہے ہیں، ضمانت تو قاتل اور ڈکیت کی بھی ہوتی ہے، قوم نے تحریک انصاف کے بیانیےکو  رد کردیا ہے، پی ٹی آئی اپنے طرز عمل پر غور کرے جھوٹی خوشی مناکر قوم کو بیوقوف نہیں بنایا جاسکتا۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کیسے ہوسکتا ہےکہ حکومت پاکستان کو  آنے والا پیسہ ایک جرمانے میں جمع کرایا جائے،  انھوں نے پانچ پانچ قیراط کی انگھوٹھیاں لیں وہ کس مد میں لیتے رہے، کابینہ سے بند لفافے میں معاہدے کی منظوری لی گئی، بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ لفافے کے اندر کیا ہے یہ چھوڑیں بس منظوری دیں،  190ملین پاونڈ کیس میں یہ اپنے دفاع میں کچھ پیش نہ کرسکے۔

عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ  ایک ضمانت ملنے پر اتنا جشن سمجھ سے باہر ہے،شبلی فراز اور عمر ایوب کو سزا ہوئی، ان کی ضمانت بھی ہوئی تھی، بانی پی ٹی آئی 190ملین پاؤنڈ کیس میں قید ہیں، ضمانت سے رہائی نہیں ملےگی،  ان کو شاید نہیں پتہ کے ضمانت اور بریت میں فرق ہوتا ہے،ضمانت پر خوشی منانے پر تحریک انصاف کی عقل پر ماتم ہی کیا جاسکتا ہے، ابھی تو توشہ خانہ ٹو کیس بھی چل رہا ہے جس میں یہ تاریخ پر تاریخ لے رہے ہیں، ان کے خلاف ناقابل تردید ثبوتوں کا پلندہ ہے۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *