میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ شہر کی تمام بڑی شاہراہیں کلیئر ہوچکی ہیں، جہاں جہاں ابھی مسائل ہیں ان سےنمٹا جا رہا ہے۔
میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر کی تمام بڑی شاہراہیں کلیئر ہوچکی ہیں، جہاں جہاں سڑکوں پر پانی جمع ہے، نکاسی کی جارہی ہے۔
میئر کراچی نے بتایا کہ میری اطلاعات کے مطابق کراچی میں 235 ملی میٹر بارش ہوئی ہے، ہمارے پاس 40 ملی میٹر بارش کی گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے نالوں کی صفائی پر تنقید مستردکردی اور کہا کہ نالوں کی صفائی نہیں کی گئی تو پانی کی نکاسی کیسے ہوئی، ابھی تک 30 لاکھ 24 ہزار کیوسک فٹ پانی کی نکاسی ہوچکی ہے، جو کوتاہیاں ہوئیں ان میں بہتری کی کوشش کریں گے۔
اس کے علاوہ صوبائی وزیرناصر شاہ نے کہا کہ یہ غیرمعمولی اسپیل تھا جو لگاتار رہاہے،لوگوں کو بہت تکلیف ہوئی ہے، ان سے معذرت خواہ ہیں،مزید بارش ہوئی تو نمٹنےکےلیےانتظامات مکمل ہیں۔
اس سے قبل میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا تھا کہ تنقید کرنا لوگوں کا حق ہے، لیکن حقائق بھی جان لینے چاہئیں، شہر میں کئی گھنٹے مسلسل بارش ہوئی ، ہم سب سڑکوں پر ہیں اور صورتحال کو دیکھ رہےہیں۔
گورنر سندھ کا کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
دوسری جانب گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا پیدل دورہ کیا اور بارش میں بند گاڑیوں کو دھکا لگا کر اسٹارٹ کرایا۔
گورنر سندھ نے شہریوں سے کہا کہ گورنر ہاؤس کے دروازے ساری رات کھلے ہیں، یہ آپکا گھر ہے،آئیں قیام کریں۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی ہدایت پر گورنر ہاؤس میں رین ایمرجنسی سیل قائم کردیا گیا، بارش اور ٹریفک سے متاثرہ شہری ہیلپ لائن 1366 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔























Leave a Reply