اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی ہدایت پرسیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں فلڈ یونٹس کام کررہے ہیں، ایک انجینئر بریگیڈ، 19 انفٹنری،7 انجینئرنگ کی یونٹس کام کررہی ہیں، آرمی کے ہیلی کاپٹرز 26 پروازیں کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گجرانوالہ میں 6 انفنٹری کی یونٹس اور 2 انجئیرنگ کی یونٹس تعینات ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق بہاولپور اور بہاولنگر میں 4 یونٹس کو اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے، خیبرپختونخوا میں بھی یونٹس اور میڈیکل بٹالین موجود ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آرمی انجینئر اور سول انتظامیہ نے تمام سڑکیں کلیئر کی ہیں، 104 سڑکیں کلیئر کردی گئی ہیں اورشاہراہ قراقرم بھی کھول دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرتار پور میں ایک بڑا ریسکیو آپریشن جاری ہے، سیلاب متاثرین میں 225 ٹن راشن تقسیم کیا جاچکا ہے، 20 ہزار سے زائد لوگوں کو میڈیکل کی سہولت فراہم کی گئی، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ائیر ریلیف آپریشن کیے گئے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ قوم کے 2 سپوت شہید اور 2 زخمی بھی ہوئے ہیں، فوج اور اس کے تمام افسران اور جوان مشکل کی گھڑی میں عوام کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ورکنگ باؤنڈری میں کسی بھی پوسٹ کو خالی نہیں کیا گیا، خارجیوں اور دہشت گردوں کیخلاف آپریشن بھی متواتر جاری ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ چاہے پاکستان کا کوئی بھی کونا ہو عوام کے ساتھ ہیں،کوئی باطل قوت کسی قسم کی دراڑ نہیں ڈال سکتی، سیلاب کے وقت میں دن رات کام ہورہا ہے، حالت جنگ ہو یا امن، پاک فوج عوام کے ساتھ ہے۔
Leave a Reply