سپریم کورٹ کے فیصلے نے عمران خان کی بےگناہی ثابت کردی، سلمان اکرم راجہ


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہےکہ سپریم کورٹ کے فیصلے نے بانی پی ٹی آئی  عمران خان کی بے گناہی ثابت کردی، لیکن  یہ  جدوجہد کا  آخری دن نہيں ہے ، جدو جہد جاری رہےگی۔

اسلام آباد  میں  پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ضمانت اہم سنگ میل ہے، عدالت کے سامنے ثابت ہوگیا کہ  عمران خان کے خلاف کچھ بھی نہيں ہے،  آج قوم کے لیے خوشی کا دن ہے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ ابھی ٹرائل چلےگا، ہم ٹرائل میں بھی مقابلہ کریں گے، بہت عرصے بعد ہمیں عدالتوں سے ریلیف ملا ہے، ایک کیس رہ گیا ہے القادرٹرسٹ کیس، اس میں بھی جلد ہمارےحق میں فیصلہ ہوگا ۔

ان کا کہنا تھا کہ  9 مئی پر  پی ٹی آئی کے خلاف بیانیہ بنایا گیا، آج عدالت کے سامنے جو گواہی پیش کی گئی وہ ہمیشہ ہر کیس میں پیش کی گئی، ان کیسز میں 10،10سال سزا ہوئی اور بانی پی ٹی آئی کی ضمانت مسترد کی گئی، تاریخ کا ہم سے وعدہ ہےکہ انصاف کا بول بالا ہوگا۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ  ہم اس ملک میں جمہوریت لے کر آئیں گے، ملک کے مزدور فلاح پائیں گے،کسانوں کو ان کی فصلوں کی اجرت ملےگی، ابھی ہم منزل تک نہیں پہنچے۔

خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے 9 مئی کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانت منظور کی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *