دیر میں خوارج کے ٹھکانے پرکارروائی، یرغمال بنائے گئے شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے 7 جوان شہید


دیر میں خوارج کے ٹھکانے پرکارروائی، یرغمال بنائے گئے شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے 7 جوان شہید

آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی اسپانسرڈ 10 خوارج ہلاک ہوگئے، خفیہ اطلاعات کے مطابق ان گھناؤنے اقدامات میں افغان شہری براہِ راست ملوث ہیں: آئی ایس پی آر—فوٹو:فائل

صوبہ خیبرپختونخوا کے علاقے دیر لال قلعہ میں خوارج کے ٹھکانے پرکارروائی کے دوران یرغمال بنائے گئے شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے 7 جوان شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دیر کے علاقے لال قلعہ میں بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ٹھکانے پر آپریشن کیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی اسپانسرڈ 10 خوارج ہلاک ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 7 سپوت بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگئے جن میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، سپاہی محمد امجد، سپاہی محمد داؤد اور سپاہی فضل قیوم شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بہادر سپوت خوارج کے یرغمال بنائے گئے معصوم شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایاکہ خفیہ اطلاعات کے مطابق ان گھناؤنے اقدامات میں افغان شہری براہِ راست ملوث ہیں اور پاکستان توقع رکھتا ہے کہ عبوری افغان حکومت اپنی ذمہ داریاں پورا کرے گی،  توقع ہے افغان حکومت اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں کسی بھی بھارتی سرپرست یافتہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 35 دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ کارروائیوں کے دوران 12 جوانوں نے جام شہادت بھی نوش کیا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *