
بھارت کی جانب سے پانی چھوڑے جانے اور مسلسل بارشوں کے باعث دریائے راوی، چناب اور ستلج میں غیر معمولی سیلابی صورتحال ہے جس کے باعث ایمرجنسی الرٹ جاری کردیا گیا۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، راوی اور ستلج میں غیر معمولی سیلابی صورتحال ہے، دریائے راوی میں سیلابی ریلے سے شاہدرہ اور موٹر وے ٹو کے نشیبی علاقوں پر سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ پر 6.9لاکھ کیوسک کا انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلہ، مزید تجاوز کر سکتا ہے جبکہ دریائے راوی میں جسر کے مقام پر 1.7 لاکھ کیوسک کا اونچے درجے کا سیلابی ریلہ موجود ہے جو صبح تک 2.5 لاکھ کیوسک پر پہنچ سکتا ہے۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر 2.45 لاکھ کیوسک کا انتہائی اونچے درجے کا سیلابی ریلہ موجود ہے جس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی) نے دریائے چناب، راوی و ستلج کے لیے ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دریاؤں کے کناروں اور واٹر ویز پر رہائش پذیر افراد فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔ مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر فوری عمل کریں اور ہنگامی حالات میں امدادی ٹیموں سے رابطہ کریں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں۔
Leave a Reply