
بہاولپور میں دریائے ستلج کا ریلا بپھرنے سے زمیندارہ بند ٹوٹ گئے اور پانی ملحقہ آبادیوں میں داخل ہونے سے کئی مکانات ڈھ گئے۔
موضع ساہلاں میں زمیندارہ بند ٹوٹنے سے پانی بستی حسین آباد اور ملحقہ بستیوں میں داخل ہو گیا جس کے باعث کئی مکان گر گئے اور علاقہ مکینوں نے نقل مکانی شروع کر دی۔
ادھر ہیڈ تریموں سے نکلنے والے نئے ریلے کی آمد کے باعث دوبارہ ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈی سی ملتان کا کہنا ہے کہ ہیڈ تریموں سے 4 لاکھ 14 ہزار سے زائد کیوسک کا نیا ریلا دو روز میں ملتان کے بندوں سے ٹکرائے گا، لہٰذا دریائی علاقوں کے مکین دوبارہ گھروں کو جانے سے گریز کریں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ ریلےکی ملتان کی دریائی حدود سے نکلنے کی سست رفتار پر تشویش ہے، موجودہ ریلے نے شجاع آباد اور جلالپور پیروالا کے متعدد علاقوں کو نقصان پہنچایا، 36 گھٹنےمیں ڈسچارج کی سست رفتارکے باعث ریلے کی سطح میں متوقع کمی نہیں ہوئی، ملتان: نئے ریلے کی شدت میں زیادہ اضافہ ہوا تو بریچنگ پر دوبارہ غور کریں گے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا نے سیلابی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گجرات میں بارشوں سے مرکزی نالوں میں بریچنگ ہوئی جو اربن فلڈنگ کی وجہ بنی، گجرات میں نکاسی آب کے لیے مشینری پہنچا دی گئی ہے، اگلے 12 سے 18 گھنٹے میں صورتحال بہتر ہو جائےگی۔
عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے اور سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔
Leave a Reply