
خیبر پختونخوا حکومت نے چند روز قبل حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کی جگہ نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیف سیکریٹری کے پی شہاب علی شاہ نے نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کے فیصلے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قدرتی آفات سمیت دیگر کاموں میں ہیلی کاپٹر کی ضرورت ہوتی ہے۔
شہاب علی شاہ نے کہا کہ مہمند میں ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد حکومت کے پاس ایک ہیلی کاپٹر رہ گیا تھا اس لیے دوسرا ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کیلئے اپنی جانیں قربان کیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں، ان کی قربانی سنہرے حروف میں لکھی جائےگی۔
علی امین گنڈا پور نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے شہداء کے لواحقین کو خصوصی پیکج دینے کی منظوری دی، صوبائی حکومت شہداء کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے کے شہدا کے لواحقین کو پولیس کے برابر کا شہدا پیکج دیا جائے گا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر کے عملے کےپانچوں افراد کنٹریکٹ ملازمین تھے، ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے دونوں پائلٹس کے ورثا کو اسکیل 19 پولیس افسرکے شہدا پیکج کے برابر پیکج دیا جائے گا، دونوں پائلٹس کے لواحقین کو 2، 2 کروڑ روپےکا پیکج دیا جائے گا۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پائلٹس میں کرنل ریٹائرڈ شاہد سلطان اور آفتاب شامل ہیں جبکہ فلائٹ انجنیئر سلیم کے ورثا کو ڈیڑھ کروڑ روپے دیے جائیں گے اور دو کریو چیفس کے لواحقین کو ایک، ایک کروڑ روپے دیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ 15 اگست کو باجوڑ ریلیف آپریشن کے دوران خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
Leave a Reply