
راولپنڈی: کورکمانڈرز کانفرنس نےکہا ہےکہ خضدار میں دہشت گرد حملہ بھارتی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعےکیا گیا، شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائےگا، پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہےگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 270 ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں فورم نے اندرونی وبیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
فورم نے معرکہ حق کے ایک اہم اور فیصلہ کن مرحلے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل کو سراہا۔ کانفرنس میں آپریشن بنیان مرصوص اور ضلع خضدار میں دہشت گرد حملے کے شہدا کے لیے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔
شرکا کانفرنس کا کہنا تھا کہ خضدار میں یہ سفاکی بھارت کی پشت پناہی سے چلنے والی پراکسیز کے ذریعےکی گئی، دہشت گردی کے نتیجے میں 4 معصوم بچے اور 2 بےگناہ افراد شہید ہوئے۔
فورم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائےگا، پاکستان کے عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہےگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے پاکستان کے عوام کی غیرمتزلزل حمایت کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سرچشمہ ہیں، بیرونی جارحیت، دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف مشترکہ جدوجہد میں عوام کے اعتماد پر پورا اترنےکے لیے پرعزم ہیں، پاکستان کے عوام ہماری طاقت کا سر چشمہ ہیں۔
فورم کا کہنا تھا کہ نہتے شہریوں اور معصوم بچوں کودانستہ نشانہ بنانا انسانیت کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، ایسا عمل بین الاقوامی قوانین کی صریحاً اور قابلِ مذمت خلاف ورزی ہے۔
فورم نے اندرونی اور بیرونی سلامتی کے درپیش چیلنجز اور مجموعی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
فورم نے کشمیریوں کی حقِ خود ارادیت کے لیے جاری منصفانہ جدوجہد اور کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اور اخلاقی حمایت کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
Leave a Reply