حکومتی وفد کی صدر مملکت سے ملاقات میں اہم پیش رفت، ن لیگ اور پیپلزپارٹی بیان بازی روکنے پر رضامند


حکومتی وفد کی صدر مملکت سے ملاقات میں اہم پیش رفت، ن لیگ اور  پیپلزپارٹی بیان بازی روکنے  پر  رضامند

فوٹو: دی پریزیڈنٹ آف پاکستان/ایکس

حکومتی وفد کی صدر مملکت سے ملاقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی بیان بازی روکنے پر رضامند ہوگئے۔

پنجاب حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان کشیدگی کم کرنے کےلیے مسلم لیگ ن اور  وفاقی حکومت کا وفد صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملنے زرداری ہاؤس نواب شاہ پہنچا۔

وفد میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق اور  وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی شامل تھے۔ صدر زرداری سے ملاقات میں پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان حالیہ کشیدگی سے متعلق مختلف امور  زیر غور آئے۔

ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے صدر مملکت آصف علی زرداری کو  وزیراعظم شہبازشریف سے مسلم لیگی رہنماؤں کی ملاقات میں ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔

ادھر  چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اہم سیاسی فیصلوں کے لیے 18 اکتوبر کو سی ای سی اجلاس طلب کرلیا،  اس حوالے سے پارٹی ترجمان نے بتایا کہ پیپلزپارٹی کا سی ای سی اجلاس بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کے تحفظات افہام وتفہیم سے دور کرنے کی ہدایت کی تھی۔ وزیراعظم کا کہنا تھاکہ سیاسی بیانات کی بنا پر پیپلزپارٹی سے تعلقات خراب نہیں ہونے چاہییں۔

یاد رہے کہ گزشتہ کئی روز سے پنجاب اور سندھ حکومت کے درمیان ایک دوسرے پر لفظی گولہ باری جاری تھی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے بیان پر پیپلز پارٹی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا اور قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کرتے ہوئے اپنے بیان پر معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ اگر کوئی پنجاب کے خلاف بات کرے گا تو بطور وزیر اعلیٰ میں اسے جواب ضرور دوں گی اور صوبے کے عوام کا تحفظ کروں گی، کسی سے معافی نہیں مانگوں گی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *