
8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز 6 کے فلیٹ سے مردہ حالت میں پائی جانے والی پاکستانی اداکارہ حمیرا اصغر کے خلاف مالک مکان کی جانب سے کیے گئے کیس کی تفصیلات’ جیونیوز ‘ نے حاصل کر لیں۔
جیو نیوز کو حاصل دستاویزات کے مطابق اداکارہ حمیرا اصغر اور مالک مکان کے درمیان کرائے کا تنازع 2019 سے جاری تھا۔
دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ حمیرا اصغر اور مکان مالک کے درمیان کرائے کا معاہدہ 20 دسمبر 2018 کو ہوا تھا، معاہدہ مکمل ہونے پر مکان مالک نے حمیرا اصغر سے فلیٹ خالی کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس کا دعویٰ تھا کہ حمیرا اصغر نے معاہدے کے مطابق سالانہ 10 فیصد اضافی رقم ادا نہیں کی جس پر 3 جون 2021 کو حمیرا اصغر کو فلیٹ خالی کرنے کا پہلا نوٹس بھیجا گیا اور17 جون کو دوسرا نوٹس بھیجا گیا جبکہ 2019 اور 2020 کے دوران حمیرا اصغر نے 40 ہزار روپے ادا نہیں کیے۔
مالک مکان کے دعوے کے مطابق حمیرا اصغر پر 2021 میں یہ رقم بڑھ کر 92400 ہوگئی جبکہ 2024 میں حمیرا اصغر پر واجب الادا رقم 5 لاکھ 35 ہزار 84 روپے ہوگئی۔
حمیرا اصغر نے متعدد عدالتی نوٹس کے باوجود جواب داخل نہیں کیا تھا، 21 ستمبر 2023کو عدالت نے فلیٹ خالی کرنے کیلئے فیصلہ دیا اور مکان مالک کی درخواست پر 26 مارچ 2025 کو عملدرآمد کا حکم جاری کیا تھا۔
مزید برآں 8 جولائی کو مالک مکان گھر خالی پہنچا تو حمیرہ اصغر کی لاش فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی۔
Leave a Reply