حالات دیکھ کر لگتا ہے اس بار گندم کم لگے گی: وزیر فوڈ سکیورٹی


حالات دیکھ کر لگتا ہے اس بار گندم کم لگے گی: وزیر فوڈ سکیورٹی

گندم پر امدادی قیمت دینے سے متعلق آئی ایم ایف سے بات کررہے ہیں: رانا تنویر کی قائمہ کمیٹی کو بریفنگ/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی رانا تنویر نے کہا ہے کہ  حالات دیکھ کر لگتا ہے اس بار گندم کم لگے گی۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے فوڈ سکیورٹی کا اجلاس سید حسن طارق کی زیر صدارت  ہوا جس میں وفاقی وزیر  رانا تنویر شریک ہوئے۔ 

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر نے کہا کہ چینی گزشتہ سال سرپلس اور 13 لاکھ ٹن اضافی تھی، اکتوبر میں ہم نے 5 لاکھ ٹن چینی ایکسپورٹ کی۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ ہیٹ ویو آئی تو گنے میں سکروس کم ہوگئی اور پھرمافیا نے پھر جو کام کیا اس سے قیمت بڑھی ہے، اب ہم 150 ملین ڈالر کی چینی منگوا رہے ہیں، آج چینی 170 روپے فی کلو مل رہی ہے، 210 لاکھ ٹن چینی اس وقت ہمارے پاس ہے، اس بار پھر گنے کی بمپر کراپ تھی مگر اب سیلاب کی وجہ سے متاثر ہو سکتی ہے۔ 

رانا تنویر کا کہنا تھا کہ کوشش ہے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں گندم پالیسی کا اعلان کردیں، دیکھنا ہے کہ گندم پالیسی میں سپورٹ پرائس رکھتے ہیں یا نہیں، میں نے تو تجویز دی کہ گندم کی سپورٹ قیمت رکھیں، وزیر اعظم بھی گندم سے متعلق مسلسل رابطے میں ہیں، آج آئی ایم ایف سے بات کررہے ہیں کہ گندم پر امدادی قیمت دے سکیں، میں نے پنجاب حکومت کو کہا ہے، گندم کی امدادی قمیت سے روٹی کی قیمت پر شاید ایک روپیہ فرق پڑے گا۔ 

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ چین کی سیٹلائٹ کمپنی سے بات کی ہے وہ سیلاب سے نقصان کا تخمینہ لگا کر بتائے گی، دو، چار روز میں سیلاب سے نقصانات کا اصل تخمینہ مل جائے گا۔ 

دوران اجلاس رکن کمیٹی عبدالقادر نے کہا کہ ہم جنوبی پنجاب میں گندم کی کاشت چھوڑ رہے ہیں، سیلاب نے کسان کو رگڑ دیا ہے، اس پر رانا تنویر نے کہا کہ جو حالات ہیں لگتا ہے اس سال گندم کم لگے گی، ایسے میں اگلے سال 1.5 ارب ڈالر کی گندم درآمد کرنا پڑے گی، گندم پر امدادی قیمت دینے سے متعلق آئی ایم ایف سے بات کررہے ہیں۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *