دبئی: بھارت کی جانب سے آئی سی سی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات کا جواب دینے کے لیے قومی کرکٹر حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان میچ ریفری کے روبرو پیش ہو گئے۔
ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں صاحبزادہ فرحان نے ففٹی اسکور کرنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بلے کو بناوٹی گن بنا کر فائر کرنے کا اشارہ کیا تھا۔
دوسری جانب فاسٹ بولر حارث رؤف نے میچ کے دوران وکٹ لینے کے بعد اور باؤنڈر لائن کے قریب فیلڈنگ کرتے ہوئے بھارتی تماشائیوں کی ہوٹنگ کا جواب دیتے ہوئے طیارہ تباہ ہونے کا اشارہ کیا تھا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ اور فینز کو پاکستان سے میچ جیتنے کے باوجود حارث رؤف کا انداز ایک آنکھ نہ بھایا اور بھارت نے پاکستان کرکٹرز کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرائی تھی۔
بھارت کی جانب سے کی جانے والی شکایت پر آج حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان میچ ریفری رچی رچرڈسن کے سامنے پیش ہوئے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ میچ ریفری رچی رچرڈسن نے حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان سے مختلف نوعیت کے سوالات کیے۔
ذرائع کے مطابق حارث رؤف اور صاحبزادہ فرحان نے تحریری طور پر بھی اپنے جوابات میچ ریفری کو جمع کرائے، کرکٹرز نے اپنا کیس مضبوط انداز میں میچ ریفری کے سامنے رکھا۔
حارٖث رؤف اور صاحبزادہ فرحان کا الزامات تسلیم کرنے سے انکار
ذرائع نے بتایا ہے کہ صاحبزادہ فرحان نے الزامات کا اعتراف نہیں کیا اور کہا کہ ان کی سیلیبریشن نا تو سیاسی نوعیت کی تھی اور نا ہی انہوں نے سیلیبریشن میں بھارت کو ٹارگٹ کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ریفری کی جانب سے حارث رؤف سے 6 صفر کا اشارہ کرنے کے بارے میں پوچھا گیا، حارث رؤف نے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کے اعتراضات کا پوچھا تھا۔
ذرائع کے مطابق حارث رؤف نے دوران سماعت کہا مجھے بتایا جائے کہ آپ لوگوں کے خیال میں اس کا کیا مطلب ہے، الزامات کے حق میں کوئی ثبوت نہیں ہے۔
دوسری جانب گزشتہ روز پاکستان کی شکایت پر آئی سی سی نے بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی سرزنش کی اور تفصیلی فیصلے میں ان پر جرمانہ لگنے کا بھی امکان ہے۔






















Leave a Reply