پاکستان کے 78 ویں جشن آزادی اور معرکہ حق کی فتح کے جشن کیلئے پاکستانی گلوکار گوہر ممتاز سمیت ان کے جل بینڈ کی پرفارمنسز نے ہزاروں دل جیت لیے۔
لاہور کے فورٹریس اسٹیڈیم میں 13 اگست کو یوم آزادی اور معرکہ حق کے جشن کیلئے کانسرٹ منعقد کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔
اس موقع پر بانی جل بینڈ گوہر ممتاز سمیت بینڈ کے گلوکاروں نے آزادی کے نغموں اور خوبصورت گانوں کے ذریعے کانسرٹ کے شرکا کو محظوظ کیا، اس دوران شرکا بھی ہاتھوں میں پاکستان پرچم اٹھائے گلوکاروں کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آئے۔
کانسرٹ کے دوران گلوکار گوہر ممتاز کی پہنی گئی ٹی شرٹ پر 0-6 درج تھا، اس شرٹ کے ذریعے 6 بھارتی جیٹ طیاروں کو مار گرانے پر پاکستانی فضائیہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔
دوران کانسرٹ گوہر ممتاز نے شرکا سے گفتگو کے دوران بھی پاکستان افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ’ہم ایک پرامن ملک سے تعلق رکھتے ہیں، ایسا ملک جو جنگ نہیں چاہتا لیکن بھارت کو واضح کرنا چاہتا ہوں کہ اگر جنگ میں پہل کروگے تو پاکستان تمہیں ہر بار معرکہ حق جیسی شکست سے دوچار کرے گا‘۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے بھارت کیخلاف کیے گئے آپریشن بنیان مرصوص (22 اپریل سے 10مئی تک) کے معرکےکو ’معرکہ حق‘ کا نام دیا گیا ہے، اس جنگ میں پاک فضائیہ نے بھارت کے 6 جنگی طیارے مار گرائے جن میں جدید فرانسیسی رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
Leave a Reply