
پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے تمام سیاستدان ہمارے لیے قابل احترام ہیں لیکن کسی بھی فرد واحد کی سیاست ریاست سے اوپر نہیں ہے۔
پشاور میں پریس کانفرنس کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا بریفنگ کے دوران مختلف سوالوں کے جواب بھی دیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا خیبر پختونخوا میں گورننس کے خلا کو ہمارے سکیورٹی فورسز کے جوان اپنے خون سے پورا کر رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں جو دہشتگردی ہے اس کے پیچھے سیاسی اور مجرمانہ گٹھ جوڑ ہے۔
ان کا کہنا تھا تمام سیاستدان قابل احترام لیکن اگر کوئی فرد واحد سمجھتا ہے کہ اس کی سیاست ریاست سے اوپر ہے تو یہ قابل قبول نہیں، ہمیں اپنی سیاست میں نہ لائیں، فوج کو گھٹیا بیان بازی اور گمراہ کن پروپیگنڈے سے دور رکھیں، کسی فرد واحد کو یہ اختیار نہیں دیا جا سکتا کہ وہ اپنی ذات کے لیے ریاست اور پاکستانی عوام کے جان، مال اور عزت کا سودا کرے، کوئی فرد واحد یہ سمجھتا ہےکہ اسکی سیاست ریاست سے بڑی ہے تو یہ ہمیں قبول نہیں ہے۔
انہوں نے کہا اگر کوئی دہشتگردوں کی سہولت کاری کرے گا تو چاہے وہ کوئی بھی ہو، کسی بھی عہدے پر ہو، اس کے لیے زمین تنگ کر دی جائے گی کیونکہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی دیوار بن کر ایک بنیانُ مرصوص کی طرح دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کےخلاف کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔
Leave a Reply