
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص بھارت کے خلاف افواج پاکستان اور قوم کی متحدہ مزاحمت تھی، ابھی افواج نے اس جارحیت کے خلاف مکمل طاقت استعمال ہی نہیں کی۔
عرب ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ ہم ہمیشہ کہتے ہیں کہ یہ جنگ ہماری ہے مگر فتح اللہ تعالیٰ کی ہے، پاکستان کی گلیوں، شہروں میں جائیں تو عوام کے چہروں پر جواب موجود ہے، یہ ایک سچائی کی جنگ معرکۂ حق ہے، پاکستان نے جھوٹ، فریب، جبر اور بھارتی جارحیت کا پردہ چاک کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام کے بعد بھارت ایک من گھڑت کہانی لے کر آیا، پاکستان نے صرف ایک بات کہی اگر آپ کے پاس ثبوت ہے تو سامنے لائیں، اگر آپ کے پاس ہمارے کسی شہری یا ریاست سے تعلق کا ثبوت ہے تو سامنے لائیں، ثبوت عالمی برادری یا کسی تیسرے قابل اعتماد فریق کے سامنے رکھیں، ثبوت سامنے لائیں تاکہ شفاف تحقیقات ہو سکیں، بھارت کے پاس کوئی جواب نہیں تھا، اور آج تک نہیں ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا دنیا نے دیکھا کہ بھارت کا میڈیا اور ریاست معلومات کی جنگ میں جھوٹ بول رہے تھے، کیا پاکستان نے اس تنازع میں کسی صحافی کو جیل میں ڈالا؟ بالکل نہیں، چند دن پہلے بھارتی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ تفتیش ابھی جاری ہے، 6 اور 7 مئی کو جو انہوں نے کیا، اس پر بھی ان کے پاس اخلاقی جواز نہیں ہے۔
جے ایف17 تھنڈر،جے 10 سی، فتح میزائل پاکستان کی تکنیکی ترقی کی مثالیں ہیں: ترجمان پاک فوج
سول آبادی یا مذہبی مقامات پر حملوں سے متعلق بھارتی الزامات سے متعلق سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا بھارت کے پاس بہت ترقی یافتہ تھیٹر، فلم انڈسٹری ہے، بھارتی فلم انڈسٹری پاکستان سے کہیں آگے ہے، اسی لیے وہ نت نئے بیانیے گھڑتے رہتے ہیں، یہ ہمارے کلچر، اقدار اور مذہب کے منافی ہے کہ مذہبی یا سویلین مقام پر حملہ کریں۔
ان کا کہنا تھا ہمیں اپنی فضائیہ اور پائلٹس پر فخر ہے، نہ صرف آرمی، ایئر فورس، نیوی میں ہم آہنگی ہے بلکہ سیاسی قیادت، عوام میں بھی ہم آہنگی دیکھی، آہنی دیوار ’’بنیان مرصوص‘‘ بھارتی جارحیت کے خلاف متحدہ مزاحمت تھی۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جے ایف-17 تھنڈر،جے-10 سی، فتح ون، فتح ٹو میزائل، یہ سب پاکستان کی تکنیکی ترقی کی مثالیں ہیں، ہم نے اپنی روایتی افواج کی مکمل طاقت ابھی استعمال ہی نہیں کی۔
جنگی جنون میں مبتلا بھارت ایسا ماحول بنا رہا ہے جو باہمی تباہی کا سبب بنے گا: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف
انہوں نے مزید کہا کہ فوج کا بڑاحصہ بھارتی حمایت یافتہ دہشتگردی کے خلاف مصروف ہے، بلوچستان اورکے پی میں بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے خلاف مصروف ہیں، دنیا جانتی ہے کہ بھارت اس خطے میں دہشت گردی سب سے بڑا کا سرپرست ہے، ہم نے ان آپریشنز سے ایک بھی فوجی نہیں ہٹایا، ہم نے اپنی تمام ٹیکنالوجی بھی ظاہر نہیں کی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا عالمی طاقتیں جانتی ہیں 2 ایٹمی ممالک میں جنگ کاتصور خطرناک اور مضحکہ خیز ہے، بھارت کئی برسوں سے جنگی جنون میں مبتلا ہے جو آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے، بھارت ایک ایسا ماحول بنا رہا ہے جو باہمی تباہی کا سبب بنے گا۔
بھارت میں صرف مسلمان ہی نہیں، عیسائیوں، سکھوں اور نچلی ذاتوں پر بھی ظلم ہوتا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے دانشمندی سے پورے تنازع میں کشیدگی کو بڑھنے نہیں دیا، جنگ بندی کا مطلب ہے کہ دونوں فریقوں نے فائرنگ بند کر دی، امن تب آئے گا جب بھارت اپنی جنگی جنون میں مبتلا سیاسی سوچ سے چھٹکارا پائے گا، بھارت کے اشرافیہ مسلمانوں، اقلیتوں کے خلاف ظلم پر یقین رکھتے ہیں، بھارتی اشرافیہ کا اقلیتوں کے خلاف ظلم پر یقین رکھنا سنگین مسئلہ ہے، بھارت میں صرف مسلمان ہی نہیں، عیسائیوں، سکھوں، نچلی ذاتوں پر بھی ظلم ہوتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بھارتی ظلم سے قدرتی طور پرردعمل پیداہوتا ہے، بھارت اس ردعمل کے مسائل کو حل کرنے سے انکار کرتا ہے، انتہا پسندی اور ہندوتوا نظریے کے فطری نتائج ہوتے ہیں، بھارت اس ردعمل کا الزام پاکستان پر ڈال کر بیرونی مسئلہ بناتا ہے، جب تک بھارت ان اندرونی مسائل کو خود حل نہیں کرتا، امن ممکن نہیں ہے۔
چین بھی مسئلہ کشمیر میں شامل ہے، بھارت کو سمجھنا چاہیے وہ کس آگ سے کھیل رہا ہے: ترجمان پاک فوج
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کشمیر ایک حل طلب بین الاقوامی مسئلہ ہے، مسئلہ کشمیر میں پاکستان، چین، اور بھارت شامل ہیں، مسئلہ کشمیر یو این قراردادوں اور کشمیری عوام کی مرضی کے مطابق حل ہونا چاہیے، بھارت مسئلہ کشمیر کو ظلم سے اندرونی معاملہ بنانے کی کوشش کرتا ہے، مسئلہ کشمیر کو اندرونی معاملہ بنانے کے راستے سے امن ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین بھی اس تنازع میں ایک فریق ہے جس کا کشمیرکے کچھ حصوں پر دعویٰ ہے، بھارت کو سمجھنا چاہیے کہ وہ کس آگ سے کھیل رہا ہے، پاکستان اور چین کئی دہائیوں سے مختلف شعبوں میں شراکت دار ہیں، پاکستان، چین، اور دیگر ذمہ دار اقوام امن کے لیے کوشش کرتے ہیں۔
بھارتی جارحیت کیخلاف ہم ڈٹ کر کھڑے رہے، بھارت نے دوبارہ ایسا کیا تو ہمارا ردعمل اس سے بھی زیادہ تیز اور شدید ہو گا
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کوئی پاگل ہی سوچ سکتاہےکہ بھارت پاکستان کاپانی بندکرسکتا ہے، پاکستان کے 24کروڑ عوام کا پانی بندکرنا ممکن نہیں ہے، ہمیں یہ حقیقت سمجھنی چاہیے کہ کشمیر سے 6 دریا نکلتے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے، کشمیریوں کی خواہش پر کشمیر پاکستان بن جاتا ہے تو یہ تمام دریا پاکستان کے ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی جنگ خود لڑی، بھارت میں خود داری ہے تو وہ بھی اپنی جنگ خود لڑے، بھارتیوں کو بھی خود داری سیکھنی چاہیے، بھارتیوں کو جھوٹ اور جارحیت پر انحصار بند کرنا چاہیے، بھارت نے کھلی جارحیت کی، ہم ڈٹ کر کھڑے ہوئے، آج بھی کھڑے ہیں، بھارت نے دوبارہ ایسا کیا تو ہمارا ردعمل اس سے بھی زیادہ تیز اور شدید ہو گا۔
Leave a Reply