
پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک بھارت میچ کے تنازع کے بعد ایشیا کپ کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ مشاورت جاری ہے اور کل تک حتمی فیصلہ کر لیا جائے گا۔
ترجمان پی سی بی نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کے حوالے سے فیصلہ پاکستان کے مفاد کو مدنظر رکھ کرکیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے پاک بھارت میچ میں ہینڈ شیک کے معاملے میں آئی سی سی کو میچ ریفری پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سےہٹانےکا مطالبہ کیا تھا۔
آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کا ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کردیا تھا۔
جس کے بعد پی سی بی کی جانب سے مستقبل کے لائحہ عمل کے لیے حکومت سے مشاورت کا امکان ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ اگرپاکستان کا مطالبہ نہ ماناگیا تو ٹیم ایشیاکپ سے دستبردار ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ کل پاکستان کا ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات سے میچ شیڈول ہے۔
تنازع کیا تھا؟
اتوار کو پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع پر شیک ہینڈ نہیں ہو گا، اینڈی پائی کرافٹ نےاس سے قبل پاکستان میڈیا منیجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔
میچ کے اختتام پر منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر اینڈریو رسل نے کہا تھا کہ ہمیں بھارتی بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور پھر کہا یہ اصل میں بھارتی حکومت کی ہدایات ہیں۔
Leave a Reply