امریکا اور چین کے درمیان بہت سی چیزوں پر اتفاق ہوچکا، ٹرمپ کی شی جن پنگ سے ملاقات میں گفتگو


امریکا اور چین کے درمیان بہت سی چیزوں پر اتفاق ہوچکا، ٹرمپ کی  شی جن پنگ سے ملاقات میں گفتگو

فوٹو: رائٹرز

امریکی صدر  ڈونلڈ ٹرمپ اور چینی صدر شی جن پنگ کی جنوبی کوریا کے شہر بوسان میں اہم ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کی ملاقات 6 سال بعد ہوئی ہے۔

امریکی صدر  نے چینی ہم منصب سے مکالمہ کیا کہ  آپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی۔ انہوں نے چین کے ساتھ تجارتی معاہدہ ہونے کا امکان ظاہر کردیا۔

 امریکی صدر نے چین کے ساتھ طویل مدتی بہترین تعلقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  امریکا اور  چین کے درمیان پہلے ہی بہت سی چیزوں پر  اتفاق ہوچکا ہے تاہم مزیدکچھ معاملات پر   آج اتفاق ہو جائے گا۔

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ چین اور  امریکاکو  ایک دوسرے کا دوست ہونا چاہیے، دونوں ممالک کے باہمی مفاد کے مسائل پر کھلے دل سے گفتگو ضروری ہے۔

چینی صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کی تجارتی ٹیموں میں بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے، دونوں ممالک کی ترقی کے لیے سازگار ماحول قائم کیا جائے۔

چینی صدر نے حالیہ غزہ جنگ بندی میں صدر ٹرمپ کے اہم کردار کو  سراہا اور کہا کہ چین بھی دیگر تنازعات کے حل کے لیے امن مذاکرات کو فروغ دے رہا ہے۔

صدر شی نے ٹرمپ سے کہا کہ چین اور امریکا کے درمیان اختلا فات معمول کی بات ہے، باہمی تعلقات کی مضبوط بنیاد کے لیے آپ کے ساتھ کام جاری رکھنے کو تیار ہیں۔

اس سے قبل بوسان پہنچنے والے امریکی صدر نے چینی ہم منصب سے مصحافہ کیا، دونوں رہنماؤں نے تصاویر  کھنچوائیں۔

ملاقات سے قبل امریکی صدر نے صحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ انہیں کوئی شک نہیں کہ یہ ملاقات کامیاب ہوگی تاہم اس دوران صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ چینی صدر سخت گیر مذاکرات کار  ہیں جو کہ اچھی بات نہیں۔ 

صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ہم ایک دوسرے کو اچھی طرح جانتے ہیں اور  دونوں ممالک کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور  آج کی ملاقات مفید رہے گی۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *