اسرائیلی فوج کے حملے میں غزہ میں امداد کے منتظر 37 افراد سمیت مزید 104 فلسطینی شہید


اسرائیلی فوج کے حملے میں غزہ میں امداد کے منتظر 37 افراد سمیت مزید 104 فلسطینی شہید

غزہ کی آبادی کے لیے خوراک موجود ہے تاہم اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے امدادی سامان مصر کے راستے غزہ پہنچانے سے قاصر ہے، اونروا— فوٹو: فائل

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت نہ تھم سکی، قابض فوج نے آج مختلف علاقوں پر فضائی حملے کرکے  مزید 104 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔

اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والوں میں 37 وہ افراد بھی شامل ہیں جو رفح میں امدادی خوراک کے مراکز کے قریب جمع تھے۔

اسرائیلی فوج کے حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 58 ہزار 700 سے زائد ہوگئی جبکہ ایک لاکھ 40 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہیں جن میں بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔

اقوام متحدہ کے ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام ( ڈبلیو ایف پی) نے بتایا کہ غزہ میں خوراک کی شدید قلت ہے اور ہر 3 میں سے ایک شخص کئی روز سےکھانے سے محروم ہے۔

اقوام متحدہ کے ریلیف اینڈ ورکس ایجنسی (اونروا) نے کہا ہے کہ اُن کے پاس غزہ کی آبادی کے لیے خوراک موجود ہے تاہم اسرائیلی ناکہ بندی کی وجہ سے وہ امدادی سامان مصر کے راستے غزہ پہنچانے سے قاصر ہے۔

ادھر حماس نے کہا ہے کہ اس نے ایک جنگ بندی معاہدے کی پیشکش کی تھی جس کے تحت تمام یرغمالیوں کی رہائی ممکن تھی تاہم اسرائیل نے یہ تجویز مسترد کردی۔ حماس کا کہنا ہے کہ اگر معاہدہ نہ ہوا تو  وہ طویل جنگ کے لیے تیار ہے۔

دوسری جانب برطانیہ میں فلسطین ایکشن گروپ  کے حق میں بڑا مظاہرہ ہوا، لندن، ایڈن برگ، مانچسٹر، برسٹل میں ہزاروں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور فلسطین ایکشن کا نام  دہشت گروں کی فہرست سے نکالنے کا مطالبہ کیا۔

ان مظاہروں کا مقصد اس فیصلے کے خلاف احتجاج کرنا تھا جس کے تحت برطانوی حکومت نے فلسطین ایکشن گروپ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے تاہم پولیس نے مظاہرین کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 63 افراد کو گرفتار کیا۔

یاد رہے کہ برطانیہ نے رواں ماہ فلسطین ایکشن کو دہشتگرد تنظیم قرار دیا تھا۔



Source link

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *