پاکستانی اداکارہ میرا نے بھارتی میڈیا پر چلنے والی لیجنڈ اداکار دھرمیندرا کے انتقال کی جھوٹی خبر کو سچ سمجھ لیا۔
منگل کی صبح بھارتی میڈیا کے بڑے ناموں انڈیا ٹوڈے، اے بی پی نیوز، نیوز 18 اور ہندوستان ٹائمز اور کچھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نے لیجنڈ اداکار دھرمیندرا کی موت کی خبریں چلائیں جس کی ان کی بیٹی ایشا دیول نے تردید کی۔
ان جھوٹی خبروں کو سچ سمجھ کر پاکستان کی معروف اداکارہ میرا نے دھرمیندرا کے لیے افسوس کا اظہار کیا۔
میرا نے انسٹاگرام پر دھرمیندرا کی تصویر اپ لوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘دھرمیندراکے انتقال پر افسوس ہے، بالی وڈ کے مشہور “ہی مین” جنہوں نے اپنی بہترین اداکاری سے 6 دہائیوں تک ناظرین کو محظوظ کیا’۔
میرا نے لکھا کہ’ فلم شعلے، چپکے چپکے اور پھول اور پتھر میں دھرمیندرا کے یادگار کردار ہمیشہ دلوں میں زندہ رہیں گے’۔
تاہم جیسے ہی میرا نے پوسٹ اپ لوڈ کی فوراً ہی صارفین کی جانب سے کمنٹ شروع ہوگئے اور اداکارہ کو بتایا کہ دھرمیندرا ابھی زندہ ہیں۔
اداکار یاسر حسین نے بھی میرا کی پوسٹ پرکمنٹ کرتے ہوئے کہا کہ’ ارے میرا جی وہ زندہ ہیں’۔
کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود بھی میرا کی پوسٹ انسٹاگرام سے ڈیلیٹ نہیں کی گئی۔
واضح رہے کہ دھرمیندرا کو گزشتہ روز ممبئی کے بریچ کینڈی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھے ۔
انتقال کی جھوٹی خبروں کے بعد دھرمیندرا کے اہل خانہ کی جانب سے تردید کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ وہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
دھرمیندرا کی اہلیہ اور اداکارہ ہیما مالنی نے بھی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹ میں لکھا کہ ‘جو کچھ ہو رہا ہے وہ ناقابل معافی ہے! ذمہ دار چینلز ایسے شخص کے بارے میں جھوٹی خبریں کیسے پھیلا سکتے ہیں جس کا علاج ہو رہا ہے اور وہ صحت یاب ہو رہے ہیں؟’
اداکارہ نے لکھا ’یہ تذلیل اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، براہ کرم ہماری فیملی کو پرائیویسی دیں’۔


























Leave a Reply