کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں جزوی ہڑتال رہی، کہیں دکانیں بند اور کہیں کھلی رہیں۔
کوٹلی میں مختلف مقامات پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں، آنسوگیس کی شیلنگ اور پتھراؤ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
دوسری جانب کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے پانچ اراکین نےکالعدم تحریک سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا۔
سید فیصل گیلانی، احسان شبیر شانی، محسن خلیل، شبیرنگیالوی اور راجہ سلطان لا تعلقی کا اعلان کرنے والوں میں شامل ہیں۔
ان افراد کا کہنا ہےکہ وہ کالعدم ایکشن کمیٹی کی حالیہ پر تشدد کارروائیوں کو دیکھتے ہوئے لاتعلقی کا اعلان کر رہے ہیں، آزادکشمیر کے لوگ کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کا مزید حصہ نا بنیں۔
ادھر محکمہ داخلہ آزاد کشمیر نے کالعدم عوامی ایکشن کمیٹی کے 4 مطلوب افراد کی فہرست جاری کردی۔ مطلوب افراد کی گرفتاری کے لیے معلومات دینے والےکو ایک کروڑ روپے انعام دیا جائےگا اور اطلاع فراہم کرنے والے شخص کی شناخت مکمل خفیہ رکھی جائےگی۔
آزادکشمیر کے محکمہ داخلہ کے نوٹیفکیشن کے مطابق مطلوب افرادکی فہرست میں شوکت نواز میر،عمر نذیرکشمیری، خواجہ مہران ارشد اور سردار امان خان کے نام شامل ہیں۔
گزشتہ دنوں آزادکشمیر حکومت نے جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کو کالعدم تنظیم قرار دیا تھا،7 جون کو راولاکوٹ میں کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسندوں کی فائرنگ میں قانون نافذ کرنے والے ادارے کے 4 اہلکار شہید ہوئے تھے۔


























Leave a Reply